بھٹکل 27/نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل ٹیکسی ڈرائیورس و مالکان یونین کی جانب سے روڈ ٹرانسپورٹ آفسر، ہوناور کے نام ایک میمورنڈم پیش کیا گیا ہے جس میں اس بات کا مطالبہ کیا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر پرائیویٹ کاروں اور دیگر سواریوں کے ذریعے مسافروں کو لے جانے کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ اس تعلق سے ٹیکسی ڈرائیوروں نے بھٹکل سرکل پولس انسپکٹر سے بھی ملاقات کرتے ہوئے اُنہیں بھی آگاہ کیا ہے کہ بھٹکل میں کئی لوگ پرائیویٹ سواریوں کو ٹیکسی کے طور پر استعمال کررہے ہیں اور مسافروں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جاتے ہیں،جس پر کاروائی کی جائے۔
ٹیکسی ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ ہم لوگوں نے بینکوں سے قرض لے کر ٹیکسیاں حاصل کی ہیں اور قانونی طور پر ٹیکس وغیرہ کی ادائیگی کے بعد اور سرکاری طور پر مکمل اجازت نامہ کے ساتھ ٹورسٹ وہیکل چلاتے ہیں، لیکن بھٹکل میں کئی پرائیویٹ وہیکل والے ایسے ہیں جو اپنی کاروں پر بغیر کسی پرمٹ کے مسافروں کو مینگلور اور گوا ائرپورٹ ڈراپ کرنے اور اُنہیں وہاں سے لانے کا دھندا چلارہے ہیں۔ اس صورت میں ہمیں مسافر نہیں مل رہے ہیں۔ انہوں نے سرکل پولس انسپکٹر سے درخواست کی کہ وہ اس تعلق سے قانونی کاروائی کریں۔
اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیکسی یونین کے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ بھٹکل کے اکثر لوگوں کو اس بات کی جانکاری نہیں ہے کہ اُنہیں مینگلور یا گوا ائرپورٹ یا علاج معالجہ کے لئے جانا ہے تو پیلا یعنی Yellow نمبر پلیٹ والی سواری پر سفر کرنا چاہئے، یہاں اکثر لوگ اپنی جان پہنچان کے لوگوں کو ٹیکسی والا سمجھ کر بلاتے ہیں اوروہائٹ نمبر پلیٹ والی سواری پر دور دراز کے علاقوں کا سفر کرتے ہیں، جوکہ غیرقانونی ہے۔ اس ذمہ دارکے مطابق عوام کو معلوم نہیں ہوتا کہ پرائیویٹ (سفید نمبر پلیٹ والی ) گاڑیوں پر سفر نہیں کرنا چاہئے، مگر پرائیویٹ گاڑیوں کے ڈرائیور بخوبی جانتے ہیں کہ وہ غیر قانونی طور پر مسافروں کو لے جارہے ہیں ۔

بھٹکل کے ٹیکسی ڈرائیوروں نے بتایا کہ بھٹکل کی پرائیویٹ گاڑیاں بغیر پرمٹ کے مسافروں کو لے جانے کی بات کنداپور، اُڈپی، مینگلور اور کارواروغیرہ کے ٹیکسی ڈرائیوروں کو اب معلوم ہوگئی ہے، اور اُن علاقوں میں ٹیکسی ڈرائیوروں نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ اگر کوئی مسافر سفید نمبر پلیٹ والے گاڑی پر پایا گیا تو اُن سواریوں کو وہیں روک کر مسافروں کو نیچے اُتارا جائے گا اور ڈرائیور سمیت پرائیویٹ وہیکل کو پولس کے حوالے کیا جائے گا۔ایسے میں بھٹکل کے ڈرائیوروں نے بالخصوص ائرپورٹ جانے والے مسافروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ سفید نمبر پلیٹ والی گاڑیوں پر ہرگز سفر نہ کریں کیونکہ راستوں میں ہی اُتارنے کی صورت میں اُن کی فلائٹ مِس ہوسکتی ہے، اسی طرح علاج معالجہ یا دیگر کاموں کے لئے دور دراز علاقوں کا سفر کرنے والوں کو راستوں میں ہی اُتارنے کی صورت میں سخت ہزیمت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور سفر کو جاری رکھنے میں بھی سخت دشواری ہوسکتی ہے۔
سواریوں کی جانچ کرنے سرکل پولس انسپکٹر کا حکم: ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بھٹکل سرکل پولس انسپکٹر ایم ایس پرکاش نے تصدیق کی کہ بھٹکل کے ٹیکسی ڈرائیوروں کی جانب سے اُنہیں شکایت موصول ہوئی ہے کہ بھٹکل میں پرائیویٹ سواریوں پر مسافروں کو لے جانےکا دھندہ جاری ہے۔ انسپکٹر نے بتایا کہ انہوں نے اپنے ماتحت آفسروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ایسی سواریوں کی جانچ کرے اوربغیر پرمٹ سواریوں پر مسافروں کو لے جانے کی صورت میں اُن پر قانونی کاروائی کریں۔